چکمگلور 21 / فروری (ایس او نیوز) بالیہونور پولیس تھانہ کے حدود میں ایک شخص کی طرف سے آنگن واڈی ٹیچر پر چلائی گئی نشانہ چوک کر سڑک سے گزر رہے بائک سواروں کو لگی جس کی وجہ سے دو افراد جان گنوا بیٹھے ۔
اس فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت بیدرے گرام کے رہنے والے پروین (30 سال) اور پرکاش (28 سال) کے طور پر کی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ دونوں آپس میں چچا زاد بھائی تھے ۔ جس وقت فائرنگ کا نشانہ چوکنے کی وجہ سے گولی انہیں لگی اُس وقت یہ لوگ کام پر جا رہے تھے ۔ بائک پر پروین ، پرکاش کے علاوہ پرکاش کا بھائی پرشانت بھی سوار تھا ، مگر گولی دونوں کو لگی اور تیسرا بھائی بال بال بچ گیا ۔ گولی چلانے والے ملزم رمیش کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے ۔
ضلع ایس پی اوما شنکر نے بتایا کہ کسی معمولی بات پر آنگن واڈی ٹیچر کے ساتھ رمیش کا جھگڑا ہوگیا اور غصہ میں آ کر اس نے گولی چلائی ۔ لیکن نشانہ چوک گیا اور گولی سڑک سے گزرنے والوں لگی اور انہیں جان سے ہاتھ دھونا پڑا ۔ بالیہونور پولیس نے کیس درج کر لیا ہے اور ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ رمیش کا ذہنی توازن درست نہیں ہے ۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رمیش کو کوئی بیماری لاحق نہیں ہے ۔ وہ سب کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتا ہے ۔ اس کی چلائی گئی گولی سے جن کی موت واقع ہوئی ہے ان لوگوں سے بھی اس کی کوئی تکرار یا دشمنی نہیں تھی ۔